واشنگٹن،2مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ ترکی اور مصر ایسے ممالک ہیں جو بظاہر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بہانے تلاش کر رہے ہیں۔ زید رعد الحسین نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی میں بڑے پیمانے پر ہونے والی گرفتاریوں نے وہاں خوف کی فضا پیدا کردی ہے۔ ترکی میں گزشتہ برس جولائی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے انقرہ حکومت اب تک 40 ہزار افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔ رعد الحسین نے مصر میں بھی بڑے پیمانے پر کی جانے والی گرفتاریوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام میں شدت پسندی پیدا کرنے کے خطرات مول لے رہی ہے۔ انسانی حقوق کے کمشنر نے یورپی یونین میں انتہائی دائیں بازو کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا بھی تذکرہ کیا۔